ولی عہد ابوظبی کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا: معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ ابوظبی کے ولیٔ عہد کا سرکاری دورۂ پاکستان ایک روزہ تھا۔

تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم افتخار درانی نے کہا ہے کہ محمد بن زید النہیان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا، جو طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا۔

انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی دعوت پر ہونے والے اس سرکاری دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔

افتخار درانی نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندگان سے درخواست ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور اس دورے کی اہمیت کے پیشِ نظر محض فرضی باتوں کی بنیاد پر غیر ضروری تبصرے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں ولی عہد ابوظبی کی اچانک روانگی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ولیٔ عہد تین دن سے پاکستان میں تھے۔

وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ولیٔ عہد کی اچانک روانگی کی خبر ایک ایسے صحافی نے دی ہے جو دفترِ خارجہ تک گیا ہی نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.